امریکا اور روس نے کہا ہے شام میں قیامِ امن کے حوالے سے اقوامِ متحدہ میں قرارداد کی منظوری کے لیے عالمی طاقتوں کے نمائندے جمعہ کو نیویارک میں جمع ہوں گے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ فیصلہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے بات چیت کے بعد کیا گیا ہے۔
اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات کے بعد سرگئی لاروف نے کہا کہ دونوں فریق شامی حزبِ
مخالف کے وفد کی تشکیل جیسے متنازع معاملات پر بات کرتے رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ جمعہ کو نیویارک میں ہونے والے اجلاس میں گذشتہ ماہ ویانا میں طے پانے والے قیامِ امن کے عمل کے اصولوں کی توثیق کے لیے اقوامِ متحدہ میں قرارداد منظور کروائی جائے گی۔
جان کیری نے اس موقع پر کہاکہ امریکا اور روس میں کچھ معاملات پر اتفاق ہو چکا ہے جن میں دہشت گرد گروپوں کا معاملہ بھی شامل ہے۔امریکی وزیرِ خارجہ نے روسی صدر پیوٹن سے ملاقات میں کہا کہ روس اور امریکا میں واضح تبدیلی لانے کی قابلیت ہے۔